لاہور: وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اس لئے کل تک ملتوی کیا گیا ہے تاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے نمبر پورے کر سکے، پرویز الٰہی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ استعفیٰ دیں اور پنجاب اسمبلی کو چاہئے کہ نیا پارلیمانی لیڈر منتخب کرے۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی پنجاب میں اپنے نمبر پورے نہیں کر سکی اور اجلاس کل تک ملتوی کیا گیا تاکہ یہ نمبر پورے کر سکیں کیونکہ اگر ان کے پاس نمبرز ہوتے تو اتنے جتن کی ضرورت نہیں تھی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی کے 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے 179 ممبران پورے تھے، حاضری پوری تھی اور ہو سکتا ہے کہ کل تک ہمارے 180 نمبرز ہو جائیں، پرویز الٰہی کے نمبرز پورے نہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ استعفیٰ دیں، ان کا داؤ نہیں لگے گا، پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں رہے، پنجاب اسمبلی کو چاہیے کہ وہ نیاپارلیمانی لیڈرمنتخب کرے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے، وقعت تو پارلیمان کی ہی ہے، ایک آدمی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے سے مرنا پسند کرتا ہے، عمران خان اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتا بلکہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنا چاہتا ہے، کسی بھی پارٹی کو کرش کرنا ہمارا شیوہ نہیں ہے، اگر عمران خان اجتماعی استعفوں کی طرف جائیں گے تو پھر ضمنی الیکشن ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماءنے کہا کہ حمزہ شہباز شریف ہمارے پارلیمانی لیڈر ہیں جو اس وقت والدہ کے علاج کیلئے امریکہ میں موجود ہیں، عمران خان اگر اپنا فگر پورا چاہتے تو ہمارے نمبرز بھی ہمارے پاس ہی ہونے چاہئیں، اسٹیبلشمنٹ اس وقت نیو ٹرل ہے، لیکن عمران خان نیوٹرل کو جانور سمجھتے ہیں۔