جنیوا: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ملنے والی رقم کی ایک، ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ (یو این) جنرل سیکرٹری کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غیر معمولی سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تاہم دوست ممالک اور عالمی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کی بھرپور مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ سے زائد افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوئے اور پاکستانی عوام اور انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کیلئے بڑے سرمائے کی ضرورت ہے۔ سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کے شکرگزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس، ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے شکرگزار ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل متاثرین کے ساتھ مسلسل کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے اور عالمی ادارے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، اسلامی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ 4.2 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے ملنے والی رقم کی ایک، ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ کریں گے۔