عمران خان کشمیر کو بھولنے اور جنرل باجوہ کو تاحیات ایکسٹیشن دینے کیلئے تیار ہوگئے تھے، شاہ محمود کے خبردار کرنے پر پیچھے ہٹے: سینئر صحافی کے انکشافات 

08:44 AM, 9 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سینئر صحافی حامد نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل باجوہ نے عمران خان کو کشمیر کو 20 سال کیلئے بھولنے پر آمادہ کرلیا تھا لیکن شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا جس کی وجہ سے وہ پیچھے ہٹ گئے۔ 

سینئر صحافی حامد میر نے اپنے کالم میں انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ باجوہ صاحب کی سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ انہوں نے بطور آرمی چیف اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 2017ء میں سیاست میں مداخلت شروع کردی۔ 

ایک طرف انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قابو کرکے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرایا دوسری طرف بھارت کے ساتھ بیک چینل کھول لیا۔شاہد خاقان عباسی کی کمزوری سے باجوہ صاحب کے حوصلے بلند ہوگئے۔ 

سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ باجوہ صاحب نے 2018ء میں عمران خان کو کیسے وزیر اعظم بنوایا؟ 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی اور میڈیا کی زباں بندی کا میں عینی شاہد ہوں۔ 

عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے بعد جنرل باجوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اپنی مرضی کے وزرائے اعلیٰ لانا چاہتے تھے لیکن  عمرا ن خان  نے ان کی مرضی نہ چلنے دی۔ خان صاحب نے باجوہ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے معاملات سے دور رکھنے کے لئے انہیں بھارت کے ساتھ بیک چینل مذاکرات جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ اس بیک چینل کے تحت نومبر 2018ء میں کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ 

فروری 2019ء میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ایک خودکش حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے علاقے بالا کوٹ پر فضائی حملہ کردیا۔ پاکستان ایئر فورس نے بھارت کے فضائی حملے ناکام بنا دیئے اور ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو گرفتار کرلیا۔ امریکی صدر ٹرمپ کی مداخلت پر پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا۔ 

اس دوران جون 2019ء میں آئی ایس آئی کے سربراہ سید عاصم منیر کو اچانک تبدیل کردیا گیا کیونکہ وہ عمران خان کو بھی ناپسند تھے اور باجوہ صاحب کے بیک ڈور چینل کے لئے بھی نامناسب تھے۔ ان کی جگہ فیض حمید کو لایا گیا۔ 

انہی دنوں جنرل باجوہ نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کے ساتھ کوئی بریک تھرو ہونے والا ہے۔ 25 جولائی 2019ء کو میں نے خبردار کیا کہ مودی پر اعتماد نہ کیا جائے مودی پاکستان کو گھیر کر کشمیر پر ڈپلومیٹک سرنڈر کرانا چاہتا ہے۔ 5 اگست 2019ء کا کالم بھی کشمیر پر تھا اور اسی دن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مارشل لانافذ کردیا۔ 

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ایک تفصیلی رپورٹ جاری ہو چکی تھی اور پاکستان اس پر بہت شور مچا سکتا تھا لیکن 9 نومبر 2019ء کو یوم اقبال پر عمران خان سے کرتار پور راہداری کا افتتاح کروا دیا گیا۔ 

سینئر صحافی نے بتایا کہ فروری 2021ء میں پاکستان اور بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا اعلان کردیا۔ 23مارچ 2021ء کو نریندر مودی نے یوم پاکستان پر عمران خان کو خط لکھ دیا تو پاکستان کے دفتر خارجہ کے کان کھڑے ہوگئے۔ امریکہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ کے ذریعہ یہ خبر نکلی کے دبئی میں فیض حمید اور اجیت ڈوول کے درمیان خفیہ بات چیت بہت آگے جا چکی ہے۔ 

ایک دن باجوہ صاحب وزیر اعظم کے پاس آئے اور بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 9 اپریل 2021ء کو پاکستان آئیں گے۔ مودی پہلے تو بلوچستان کے پہاڑی علاقے لسبیلہ میں دریائے ہنگول کے کنارے ہنگلاج ماتا کے مندر جائیں گے اور وہاں ہندوئوں کے سالانہ میلے میں شرکت کریں گے پھر اسلام آباد آئیں گے اور عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پاک بھارت تجارت اور کرکٹ میچوں کی بحالی کا اعلان کریں گے۔ عمران خان کو بتایا گیا کہ ہنگلاج ماتا کے مندر کو بلوچستان میں بی بی نانی کی زیارت بھی کہا جاتا ہے اور کرتار پور راہداری کی طرز پر راجھستان اور بلوچستان کے درمیان ہنگلاج راہداری بھی کھولی جا سکتی ہے۔ 

خان صاحب نے پوچھا کہ مسئلہ کشمیر کا کیا ہوگا؟ فیض حمید نے انہیں بتایا کہ بیس سال تک مسئلہ کشمیر جوں کا توں رہے گا اور بیس سال کے بعد کوئی حل تلاش کریں گے۔

یہ وہ موقع تھا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خان صاحب کو خبردار کیا کہ پاکستان میں ایک پارلیمینٹ بھی ہے، ہم وہاں کیا جواب دیں گے؟ ہم نے الیکشن بھی لڑنے ہیں ہم پر کشمیر فروشی کا الزام لگ جائے گا۔ جولائی 2021ء میں آزاد کشمیر میں عام انتخابات ہونے والے تھے۔ خدشہ تھا کہ اگر اپریل میں مودی نے پاکستان کا دورہ کیا تو جولائی میں تحریک انصاف کا آزاد کشمیر سے صفایا ہو جائے گا۔ اس دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی بھارت کے ساتھ تجارت کھولنے کا فیصلہ کر چکی تھی لیکن شاہ محمود قریشی نے ناصرف بھارت کے ساتھ بیک چینل مذاکرات سے لاعلمی ظاہر کر دی بلکہ وفاقی کابینہ نے بھارت کے ساتھ تجارت کی بھی مخالفت کردی۔ 

باجوہ صاحب شدید غصے میں آ چکے تھے۔ انہوں نے خان صاحب سے شکایت کی کہ ہم نے جو بھی کیا آپ سے پوچھ کر کیا۔ خان صاحب نے کہا فکر مت کریں ذرا آہستہ چلیں اور اپوزیشن کو اندر کردیں۔ 

شاہ محمود قریشی نے باجوہ صاحب کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لئے انہیں دفتر خارجہ بلایا اور بتایا کہ جب تک بھارت 5 اگست 2019ء کے اقدامات واپس نہیں لیتا تو بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو پاکستان کی شکست سمجھا جائے گا۔ 

ستمبر 2021ء میں عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن میں کشمیر پر پاکستان کا پرانا روایتی موقف دہرا کر باجوہ کو مایوس کردیا لیکن باجوہ صاحب بیک چینل کے ذریعہ بھارت کو امید دلاتے رہے کہ فکر نہ کریں اپریل 2022ء میں بریک تھرو ہو جائے گا۔

مارچ 2022ء میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو وہ  جنرل باجوہ کو ایک اور ایکسٹینشن کے ساتھ ساتھ ان کی تمام باتیں ماننے کے لئے تیار ہوگئے ۔ باجوہ صاحب اپنے ہی لائے ہوئے وزیر اعظم کو ہٹانا نہیں چاہتے تھے صرف جھٹکا دینا چاہتے تھے لیکن جھٹکا ذرا شدید ہوگیا۔ عمران خان نے بھی جوابی جھٹکے دینے شروع کردیئے اور لڑائی دونوں کے قابو سے باہر ہوگئی۔ 

مزیدخبریں