مختلف موبائل فون کمپنیز نے مری اور نتھیاگلی میں مفت کالز کی سہولت فراہم کر دی

06:58 PM, 9 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک بھر میں کام کرنے والی مختلف موبائل فون کمپنیز نے مری اور نتھیا گلی میں ایمرجنسی صورتحال کے دوران عوام کی سہولت کیلئے خصوصی مفت کالز کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام کمپنی ’جاز‘ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مری اور نتھیا گلی میں لوگوں کی سہولت کیلئے ایمرجنسی صورتحال کے دوران جاز نیٹ ورک پر آن نیٹ کالز فری کی جا رہی ہیں جس کے تحت صارفین کم بیلنس یا بنڈلز ختم ہونے کے باوجود بھی کالز کر سکتے ہیں۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں شدید مشکل حالات کے باوجود جاز نیٹ ورک کو فعال رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے تاکہ وہاں پھنسے افراد کو اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے کیلئے اور انتظامیہ سے امداد کی طلبی کیلئے رابطہ کرنے میں کسی بھی طرح کی مشکل پیش نہ آئے۔ 
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق مری اور گلیات کے علاقوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ان علاقوں میں موجود ایسے صارفین جن کے پاس بیلنس نہیں ہے، فوری طور پر مفت آن نیٹ کالز کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔


پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی ہدایت پر موبائل فون آپریٹرز نے گلیات کے علاقوں میں پھنسے ہوئے صارفین کو صفر بیلنس ہونے پر اپنے نیٹ ورک کے نمبروں پرمفت کال کی سہولت فراہم کردی ہے اور تمام ٹیلی کام آپریٹرز کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کو بلاتعطل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ 

مزیدخبریں