سڈنی: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی جانب سے 388 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلیڈ کی ٹیم پانچویں روز کھیل کے اختتام تک 9 وکٹ پر 270 رنز بنا سکی اور آسٹریلیا کے ہاتھوں سیریز میں مسلسل تین میچز ہار نے کے بعد چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو گئی۔آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل ہے۔
سڈنی میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے بیٹر عثمان خواجہ کی مسلسل دوسری اننگز میں سینچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 388 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا ، چوتھے روز کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے بغیر نقصان کے 30 رنز بنا لئے تھے تاہم ٹیسٹ کے آخری روز انگلیڈ کو جیت کیلئے مزید 358 رنز جبکہ آسٹریلیا کو مہمان ٹیم کیخلاف وائٹ واس کی امید برقرار رکھنے کیلئے 10 وکٹیں درکار تھیں۔
میچ کے آخری روز انگلیڈ کی ٹیم کے بلے بازوں کی جانب سے میچ کے پانچویں روز محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث مہمان ٹیم انگلینڈ میچ بچانے میں کامیاب ہو گئی۔انگلینڈ کی طرف سے زیک کرولی 77، بین اسٹوک 60 اور جونی بئیرسٹو 41 رنز بنا کر نمایاں رہے ، آسٹریلیا کی جانب سے سکاٹ بولینڈ نے 3 ، نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے دو ، دو وکٹیں لیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بنائے تھے تاہم جواب میں مہمان ٹیم انگلینڈ 294 رنز بنا سکی ، اس طرح آسٹریلیا کو 122 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز 265 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف دیا تھا۔آسٹریلیا کے 388 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم جیت کا ہدف تو حاصل نہ کر سکی لیکن میچ کے اختتام تک چوتھا ٹیسٹ ڈرا کرنے میں ضرور کامیاب ہو گئی۔
واضح رہے کہ رواں سال ایشز سیریز میں پہلے تین ٹیسٹ آسٹریلیا کی ٹیم جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے تاہم چوتھا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد میزبان ٹیم کا انگلینڈ کیخلاف وائٹ واش کا خواب پورا نہ ہو سکا ہےْ۔