لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج مری جائیں گے، جہاں برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی ٰ پنجاب مری کے المناک سانحے کے بعد آج سیاحتی مقام کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیر اعلیٰ کومری اور گلیات میں جاری ریسکیو آپریشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مری میں پیش آنے والے المناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اس افسوسناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
یاد رہے کہ سیاحتی مقام مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد گاڑیوں میں سیاح پھنس گئے تھے اور شدید سردی کے باعث 23 سیاح ٹھٹھر کر جاں بحق ہو گئے ۔ افسوسناک سانحہ میں اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پنڈی، مردان اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاح شامل تھے ۔