کراچی: شہر قائد میں سردی کی شدت ایک بار پھر سے بڑھ گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ کوئٹہ کی سمت سے آنے والی تند و تیز ہوائیں چلیں جس کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دو ہفتے گزرنے کے بعد بھی شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے اور ہفتے کے دن رواں سیزن میں کم سے درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان کی شمالی مشرقی کی جانب سے تیز سرد ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں کئی ڈگری کمی سے 5.8 ڈگری ریکارڈ ہوا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد رہا، صبح دھند چھانے کی وجہ سے حدنگاہ کم ہو کر 4 کلومیٹر رہ گئی تھی۔ اتوار کو شہر کا موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ کم سے کم پارہ 6 سے8 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ صائمہ عربین ولاز (سرجانی) میں 2 ڈگری، سعدی ٹاؤن میں 3 ڈگری، بحریہ ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں 3.5 ڈگری، ملیر میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح شہر کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 2 ڈگری تک گرا جبکہ گڈاپ، معمار کے کھلے علاقوں میں فراسٹ بھی دیکھی گئی بقیہ علاقوں میں بھی درجہ حرارت کافی کم رہا۔