بااثرڈیجیٹل سٹارز کی فہرست میں 3 پاکستانی شامل

07:08 PM, 9 Jan, 2021

لندن ، فوربز میگزین نے ٹاپ ہنڈرڈ ایشیئن ڈیجیٹل سپراسٹارز کی فہرست جاری کردی ۔ تین پاکستانی بھی شامل ۔

فوربزمیگزین کی جانب سے ڈیجیٹل ورلڈکی دنیا کے بااثر ترین ڈیجیٹل سٹارز کی فہرست میں تین پاکستانی بھی شامل ہیں ۔ ان سٹارز نے عالمی وباء کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے مداحوں میں شعور و آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔ 

ڈیجیٹل سٹارز کی فہرست میں ماہرہ خان کا نام شامل ہے جنہوں نے خود کوروناوائرس کا شکار ہونے کے باوجود سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں کورونا وائرس سے آگاہی پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ 

اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ذہنی صحت سے متعلق مسائل، خواتین پر کیے جانے والے تشدد اور بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے بھی استعمال کیا۔ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر دھوم مچاتے ہوئے انسٹاگرم پر 70 لاکھ  فالوورز اور فیس بک پر 40 لاکھ سے زائد صارفین کو اپنا گرویدہ بنایا۔

فوربز کی جاری کردہ لسٹ کے مطابق عاطف اسلم  دو کروڑ سے زائد فیس بک کے فینز کلب کے سردار بنے۔کورونا وبا کے دوران انہوں نے اللہ تعالی کے ننانوے ناموں (اسما الحسنیٰ) کی اس خوبصورتی سے تلاوت کی کہ سننے والوں پر سحر طاری کر دیا۔عاطف اسلم کی جانب سے اسما الحسنیٰ کی تلاوت کو یوٹیوب پر دو کروڑ 81 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے فیس بک فالورز کی تعداد 20 ملین ہے، گلوکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی۔

خوبرو اداکارہ ایمن خان انسٹا گرام پر اسی لاکھ سے زائد فینز کلب کی حامل ہیں انہوں نے  ڈرامہ سیریلز عشق تماشا اور باندی میں بہترین ادکاری سے ناظرین کے دل چھو لیے۔

ایمن اور ان کی جڑواں بہن منال خان 2 لاکھ 49 ہزار فولورز کے ساتھ کپڑوں کی سائٹ ایمن منال کلوزٹ چلارہی ہیں۔

مزیدخبریں