کراچی: وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے ، دستیاب وسائل سے ہی فریٹ ڈبل کریں گے۔ چند ماہ میں فریٹ انکم کو دگنا کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے کا ریونیو زیادہ کریں گے ، ریلوے ترقی کرے گا۔ اگر ایسا نہیں کیا تو حشر پاکستان اسٹیل کی طرح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میں آنے کے بعد ریلوے کی آمدنی بڑھانے کی کوشش کی ، بہت سی ملکی اور غیر ملکی کمپنیز سے رابطہ کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے ریلوے کے اثاثوں کی مدد سے ادارے کو نقصان سے نکالیں ، ریلوے کی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا جا رہا ہے ، ریلوے کی زمینوں پر قبضے ختم کرائیں گے۔
اعظم سواتی نے کہا کہ میرا اپنا کاروبار ہے ، اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں ، امریکا میں میرا تیل کا کاروبار ہے ، پیسہ پاکستان لا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2 سے ڈھائی ارب کی بجلی چوری ختم کرنے جا رہے ہیں ، ڈیزل سمیت ہر چیز نگاہ میں ہے ، دیکھ رہا ہوں کہاں کہاں نقصان ہو رہا ہے۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ میرا اور ریلوے افسران کا قبلہ درست کرنا عوام کا کام ہے۔ وزارت کی گاڑی صرف سرکاری معاملات میں استعمال کرتا ہوں ، وزارت سے صرف ڈرائیور اور خانساماں لیا ہوا ہے۔ دوسرے شہر جانے کیلئے اپنی گاڑیاں اور ڈرائیور استعمال کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتساب میڈیا کے سوا اور کوئی نہیں کرسکتا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ مسافر اور فریٹ ہماری عزت ہے جسے تباہ کر دیا گیا ہے۔ انگریز پاکستان میں ریلوے کا انفراسٹرکچر بنا کر گیا ، مسافروں کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں میں مزدور برے حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں ، ریلوے میں تمام معاملات کو درست کر رہا ہوں۔ دوسرے کے گناہوں میں مجھے شامل نہ کیا جائے۔