وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے

01:19 PM, 9 Jan, 2021

کوئٹہ: وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے ، وزیر داخلہ شیخ رشید اور علی امین گنڈا پور بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ کر پہلے ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان ، گورنر بلوچستان ، ذولفی بخاری ، علی زیدی سمیت سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہونگے۔

وزیراعظم عمران خان اجلاس کے بعد سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات بھی کریں گےاور متاثرین سے اظہار تعزیت کریں گے۔

ادھر سانحہ مچھ کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے ، وفاقی وزیر علی زیدی ، معاون خصوصی ذلفی بخاری ، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے علاوہ صوبائی وزرا ضیالانگو ، سلیم کھوسہ ، مبین خلجی اور سول سوسائٹی کے افراد کی شرکت۔

نماز جنازہ میں ہزارہ برادری اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، شہدا کی ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں تدفین کی گئی۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوگا ، گورنر ، وزیراعلیٰ بلوچستان ، صوبائی وزیر داخلہ اور دیگر حکام سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کو سانحہ مچھ سے متعلق پیش رفت سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرین نے 22 کروڑ عوام کے دل جیت لیے ، حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جے آئی ٹی اور کمیشن آزادانہ تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کرے گا۔ رپورٹ کی روشنی میں مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازشوں میں مصروف۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن گھٹیا سیاست کے ذریعے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

مزیدخبریں