ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مسودہ تیار کر لیا

11:36 AM, 9 Jan, 2021

نیویارک: امریکا میں سیاسی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ، ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مسودہ تیار کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مسودہ پیر کے روز امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ مواخذے کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی اداروں اور قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے جان بوجھ کر شہریوں کو کیپٹل ہل پر حملے کے لیے اُکسایا۔

ادھر نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ٹرمپ ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔ اُن کا نئی انتظامیہ کی تقریب میں نہ آنے کا فیصلہ بہتر ہے۔

یاد رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے جوبائیڈن کی بطور امریکی صدر فتح کی توثیق کر دی ہے اور اب ٹرمپ کے اقتدار کے چند روز ہی باقی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق موجودہ صدر کی نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں جانے سے انکار کے بعد یہ امریکا کی 152 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہو گا کہ کسی نے اپنے پیش رو کی تقریب میں شرکت نہ کی ہو۔

دوسری جانب ٹویٹر انتظامیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کر دیا ہے۔ ٹویٹر انتظامیہ کا موقف ہے کہ ٹویٹر کو تشدد پر اُکسانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

مزیدخبریں