ڈونلڈ ٹرمپ کا جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار

US President, Donald Trump, Biden, inauguration, oath ceremony

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے انکار کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل ، امریکا کی 152 سالہ تاریخ تبدیل ہونے کا امکان۔

واضح رہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے جوبائیڈن کی بطور امریکی صدر فتح کی توثیق کر دی ہے اور اب ٹرمپ کے اقتدار کے چند روز ہی باقی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق موجودہ صدر کی نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں جانے سے انکار کے بعد یہ امریکا کی 152 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہو گا کہ کسی نے اپنے پیش رو کی تقریب میں شرکت نہ کی ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے انکار پر تبصرہ کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ٹرمپ افتتاحی تقریب میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے امریکی پارلیمان کیپٹل ہل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ کیپٹل ہل حملے کے بعد نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

ٹیلی وژن پر قوم کے نام اپنے پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کیپٹل ہل پر حامیوں کے حملے نے امریکی جمہوریت کو گندا اور مجھے مایوس کیا۔