نیو یارک: اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر ماجد تخت روانچی نے سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے گزشتہ روز عراق میں امریکی فوجی اڈے پر کئے گئے حملوں کو درست قرار دیا ہے۔
خط میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران عالمی امن اور سلامتی کے لیے اپنے عزم پر کار بند ہے اور ہرگز کشیدگی میں اضافہ یا جنگ نہیں چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کا آپریشن درست تھا اور اس کے اہداف فوجی مقاصد تھے اور ان میزائل حملوں میں عام شہریوں کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ایران کے مندوب نے مزید کہا کہ عراق کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔
دوسری جانب عراق کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل حملہ عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جس پر ایرانی سفیر کو طلب کیا جائے گا۔