ایرانی حملے کے 24 گھنٹے بعد بغداد کے گرین زون میں راکٹ حملے

ایرانی حملے کے 24 گھنٹے بعد بغداد کے گرین زون میں راکٹ حملے
کیپشن: گرین زون میں امریکا سمیت کئی ملکوں کے سفارت خانے واقع ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سی این بی سی

بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں 2 راکٹ حملے کیے گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد کے گرین زون میں حملہ ایرانی حملے کے تقریباً 24 گھنٹے بعد کیا گیا۔ دھماکوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرین زون میں امریکا سمیت کئی ملکوں کے سفارت خانے واقع ہیں تاہم راکٹ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب عراق میں ایرانی میزائل حملے کے جواب میں امریکی صدر نے مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ روز امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی ایٹمی ہتھیاروں کے لیے سرگرمیوں سے مہذب دنیا کو خطرہ ہے اور ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پیچھے ہٹ رہا ہے جو دنیا کے لیے اچھی بات ہے اور امریکا کو مشرق وسطی کے تیل کی ضرورت نہیں۔