پشاور، خواجہ سرا پر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

09:29 AM, 9 Jan, 2019

پشاور: شادی کی ایک تقریب میں کلاشنکوف سے فائرنگ کر کے خواجہ سرا کو قتل اور اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔خیال رہے کچھ روز قبل پشاور میں شادی کی ایک تقریب میں خواجہ سرا رقص کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص ہاتھ میں کلاشنکوف لے کر آیا اور خواجہ سرا دانش عرف بیبو پر فائرنگ کر دی لیکن خوش قسمتی سے خواجہ سرا کی جان بچ گئی۔

خواجہ سرا دانش نے وزیر اعظم شکایات سیل میں براہ راست شکایت درج کرائی جس میں اس نے بتایا کہ ملزم نے اسے اغوا کرنے کی بھی کوشش کی۔ شکایت پر وزیر اعظم سیل کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ۔

پولیس نے کچھ روز پہلے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہ موقع سے فرار ہو گیا تاہم آج وہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ملزم کو ایس ایچ او تھانہ انقلاب عمران خان نے بازید خیل سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ خواجہ سرا بیبو نے ملزم کے گرفتار ہونے پر پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں