دوحہ: غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے پر طالبان نے امریکی حکام کے ساتھ ہونے والے نئے مذاکرات منسوخ کر دیئے ہیں۔ مذاکرات کا نیا دور بدھ سے قطر میں شروع ہونا تھا۔
سینیئر افغان طالبان حکام نے بتایا کہ فریقین نے مذاکرات منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔طالبان نے افغان حکام کی مذاکرات میں شمولیت کی عالمی طاقتوں کی درخواست کو بھی رد کر دیا ہے۔
اس سے قبل افغان طالبان اور امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار ہو چکے ہیں۔ مذاکرات کا آخری دور دسمبر 2018 میں ابوظہبی میں ہوا تھا جس میں سعودی عرب، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے حکام بھی شریک ہوئے تھے۔