نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے سینما گھروں میں فلم شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ بجانے کا حکم منسوخ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت عظمی نے حکومت کی نظر ثانی اپیل منظور کرتے ہوئے سینما گھروں میں فلم شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ بجانے کے فیصلہ میں ترمیم کردی۔ عدالت عظمی کے اس فیصلے پر خود عدلیہ کی طرف سے زبردست تنقید ہوئی تھی اور اکتوبر 2017میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس چندر چڈ نے اس فیصلے کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حب الوطنی کا مظاہرہ اس طرح سے نہیں ہوتا۔
اس مسئلے پر ملک بھر میں ایک ہنگامہ مچ گیا تھا اور متعدد افراد نے اس عدالتی فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے سینما گھروں میں احتراما کھڑا ہونے سے انکار کردیا تھا۔ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے قومی ترانے پر کھڑا نہ ہونے والے افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب کہ اس حوالے سے متعدد گرفتاریاں بھی ہوئیں اور لوگوں پر مقدمے بھی درج ہوئے۔
یاد رہے کہ بھارتی عدالت عظمی نے نومبر 2016 کو اپنے فیصلے میں ملک کے تمام سنیما گھروں میں فلم شروع ہونے سے پہلے ترانہ بجانے اور تمام افراد پر اس کے احترام میں کھڑے ہونے کو لازمی قرار دیا تھا۔