اسلام آباد: ن لیگ کے مرکزی رہنما حنیف عباسی نے پی ٹی آئی سربراہ پر الزام عائد کیا کہ عمران خان منی لانڈرر بھی ہیں اور صدقہ کے پیسے بھی کھاتے ہیں۔
ایک بیان میں حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان غیر ملکیوں سے فنڈنگ بھی لیتے ہیں اور اس کاجواب آپ نے ابھی دینا ہے، اسلام کے جتنے کبائر ہیں ان سب کے عمران خان مرتکب ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ بشری بیگم اور ان کے خاندان کی پریشانی کا سبب بھی عمران خان ہیں، اپنے گندے اعمال اور گناہ کو ایک نیک اور محب وطن لیڈر محمد نواز شریف پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔
حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ بیٹی سے تو غریب سے غریب آدمی بھی محبت کرتا ہے، آپ بھی اپنی بیٹی کو سینے سے لگاکر عوام سے صادق وامین ہونے کا سرٹیفکیٹ لیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی اوقات میں رہیں ،ان کی صداقت اور امانت کی کہانیاں لندن کے گلی کوچوں اور کیلیفورنیا کی عدالتوں سے بنی گالہ کی پہاڑیوں تک پھیلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام کا کلمہ پڑھنے والوں کیلئے اخلاقیات اور کردار کی اہمیت ہر چیز سے بالاتر ہوتی ہے۔