عمران خان کا نکاح ہوچکا ہے، مفتی عبدالقوی نے بڑا دعویٰ کر دیا

03:24 PM, 9 Jan, 2018

ملتان: معروف مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں اور ان کا بشریٰ مانیکا سے نکاح ہو چکا ہے۔ ملتان میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نکاح کی خبر آنا خوشی کی بات ہے ہم اس بات پر خوش ہیں کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر اپنی زندگی کا اہم فیصلہ کیا۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان کے مزاج میں کچھ روز کے دوران آنے والی واضح تبدیلی اس بات کی گواہ ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی رونما ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے مسلسل خاموشی برقرار رکھنا اور شادی کی خبر کو نہ جھٹلانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دونوں اپنی شادی کا اقرار کر چکے ہیں لیکن عمران خان کچھ سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے شاید ابھی اپنی تیسری شادی کا اعلان کرنا مناسب نہیں سمجھتے اس لئے ان کی جانب سے تاحال خاموشی ہے۔

مفتی عبدالقوی نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کی جانب سے نکاح کا جس روز اقرار کیا جائے گا ان کے ولیمے کی دعوت کا اہتمام میری طرف سے کیا جائے گا ۔

واضح رہے اس سے قبل عمران خان دو بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور دونوں بار ان کی ازدواجی زندگی کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی۔ ان کی پہلی شادی جمائما گولڈ سمتھ سے 1995 میں ہوئی جن سے ان کے دو بچے ہیں لیکن بعد ازاں 9 برس بعد 2004 میں یہ شادی طلاق پر منتج ہوئی ۔ عمران خان نے دوسری شادی 6 جنوری 2015 کو ایک نجی ٹی وی کی میزبان ریحام خان سے کی مگر ان کی بدقسمتی کہ یہ شادی بھی محض 10 ماہ کے بعد 30 اکتوبر 2015 کو اپنے انجام کو پہنچ گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں