کولمبو : زمبابوے کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد تمام فارمیٹس میں کپتانی سے مستعفی ہونے والے انجیلو میتھیوز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لئے دوبارہ کپتان کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجیلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت مکمل کرنے کے بعد واپسی پر کرکٹ بورڈ کے صدر نے انہیں دوبارہ کپتانی سنبھالنے کو کہا جس پر کچھ وقت سوچنے کے بعد دوبارہ ذمہ داری لینے کی حامی بھری۔میتھیوز کا مزید کہنا تھا کہ جب ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ دوبارہ کپتان بنوں گا تاہم سلیکٹرز کے بے حد اصرار اور چند وجوہات کی بنا پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ انجیلو میتھیوز نے 6 ماہ قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم اس کے بعد سلیکٹرز کی جانب سے کئی تجربات کے بعد دوبارہ انہیں کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔