لاہور: محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور سردی کی لہر میں مزید اضافے پیش گوئی کر دی، کراچی والے بھی ہوشیار ہو جائیں،ساحلی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھنے والی ہے.
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز کے دوران بیشتر علاقوں میں درجہ حرات مزید چار ڈگری کم ہو جائے گا،پہاڑوں پر برف باری جاری رہے گی،کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بھی ٹھنڈ بڑھے گی۔
ادھر کاغان، ناران، اسکردوسمیت ہر طرف برف ہی برف نظر آ نے لگی۔ لواری ٹاپ پر اب تک کئی فٹ برف کی تہہ جم چکی ہے، راستے بند ہونے سے زندگی دشوار ہو گئی ۔گلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں بھی پہاڑوں نےسفیدی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔
کوئٹہ، زیارت اور قلات میں پارہ نقطہ انجماد سے گر چکا ہے، کوئٹہ میں بہتا پانی بھی جمنے لگا۔ دوسری جانب مری کے نواحی علاقوں میں آسمان سے برستے روئی کے گالوں کا سحر برقرار ہے۔