اسلام آباد : ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار نے پاکستان بھر میں اپنے سیلز اینڈ سروسز سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد ٹیلی نار کمپنی کے دفاتر میں کام کرنے والے تمام ملازمین اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کمپنی کی ملکیت 17 سروسز سینٹر کو بند کرنے کے بعد صارفین کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں 289 فرنچائزز صارفین کو سہولیات فراہم کریں گی۔ٹیلی نار کا کہنا ہے کہ سروسز سینٹر کی عدم موجودگی میں خلا کو پُر کرنے کے لیے فرنچائزز کو جدید آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں ٹیلی نار کا ماننا ہے کہ اس کے صارفین اپنی مشکلات کے حل میں اب خود انحصاری رکھتے ہیں جبکہ مزید مدد کے لیے سیلف کئیر ایپلی کیشن اور ہیلپ لائن سے مدد لی جا سکتی ہے۔
اس تمام تر معاملے میں قریبا 200 ملازمین متاثر ہوں گے جنہیں اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ ٹیلی نار کے مطابق کمپنی پالیسی کے تحت اہل ملازمین کو ان کے الاؤنسز سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گیٹیلی نار کا کہنا ہے کہ اس پراسیس کو ہموار بنانے کے لیے متاثر ہونے والے ملازمین کو حد درجہ سہولیات اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔