کراچی: ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق کے لیے آئی بی سی سی (انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن) نے روایتی طریقہ کار ختم کرکے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا۔
اس نظام کے تحت ملک کے 29 تعلیمی بورڈز سے اسناد کی تصدیق آن لائن ڈیٹا اور پورٹل شیئرنگ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ 16 فروری 2025 سے یہ نیا نظام نافذ ہوگا، جس کے بعد سربمہر لفافوں میں بھیجی گئی اسناد قبول نہیں کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کے مطابق، اس تبدیلی کا مقصد تصدیق کے عمل کو شفاف، مؤثر اور تیز تر بنانا ہے، کیونکہ ماضی میں بعض کیسز میں جعلی اسناد جمع کرانے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔
ان بورڈز کے لیے جو پہلے ہی ڈیجیٹل تصدیقی نظام رکھتے ہیں، آئی بی سی سی نے APIs کے ذریعے انہیں اپنے پورٹل سے منسلک کر دیا ہے، جبکہ دیگر بورڈز کے لیے ویب سائٹ پر ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ براہ راست ڈیٹا اپلوڈ کر سکیں۔
نئے نظام سے تصدیق کا عمل مزید سہل، کم لاگت اور مؤثر ہوگا، جس سے طلبہ کو سفر اور اضافی اخراجات کی پریشانی سے نجات ملے گی۔