ریاض: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا، جس کے تحت ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کو ختم کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق سیاحتی، کاروباری اور خاندانی وزٹ ویزے کے لیے اب صرف سنگل انٹری ویزا جاری کیا جائے گا، جو 30 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم فروری 2025 سے ہو چکا ہے۔
پالیسی میں تبدیلی کا مقصد ان افراد کو روکنا ہے جو طویل المدتی ویزے کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے حج ادا کرتے ہیں اور سرکاری حج کوٹے کو نظرانداز کرتے ہیں۔
نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، الجزائر، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، عراق، اردن، مراکش، نائجیریا، سوڈان، تیونس اور یمن شامل ہیں۔
ویزے کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کو اعتماد ویزہ سینٹرز پر بائیومیٹرک تصدیق اور ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔
دوسری جانب، سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2025 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے، اور خواہش مند مقامی شہری اور مقیم غیرملکی نسک ایپ یا سرکاری ای پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔