اسلام آباد : پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق، دونوں وزراء نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی، خاص طور پر غزہ میں فلسطینیوں کی حالت زار پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے غزہ کے بے گھر ہونے والے افراد کی حالت کو انتہائی پریشان کن اور غیر منصفانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی سرزمین صرف فلسطینی عوام کی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی سب سے منصفانہ اور قابل عمل حل ہے۔ پاکستان ہمیشہ فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہے گا، اور اس ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی حمایت کرے گا تاکہ اس مسئلے پر مزید غور و خوض کیا جا سکے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ دنوں میں اس معاملے پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔