این اے 130، نواز شریف کی کامیابی، فارم 47 اور آر او کی تبدیلی نے سوالات اٹھا دیے

این اے 130، نواز شریف کی کامیابی، فارم 47 اور آر او کی تبدیلی نے سوالات اٹھا دیے
سورس: file

لاہور: لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 میں نواز شریف کی کامیابی پر جاری کردہ فارم 47 نے کئی سوالات اٹھا دیے۔ 

جاری کردہ فارم 47 کے مطابق حلقے میں ڈالے گئے ووٹ 2 لاکھ 93ہزار  693 ہیں۔

654 ووٹ مسترد ہوئے، اس کے مطابق ٹوٹل ووٹ 2 لاکھ 93 ہزار 43 بنتے ہیں۔ 

صحافی زاہد گشکوری کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ نے مجھے بتایا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار کو این اے 130 میں ہزاروں ووٹ ملے۔ لیکن یہ فارم 47 جماعت اسلامی کے امیدوار کو صفر ووٹ دیتا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سمیت 14 امیدواروں کو ایک بھی ووٹ نہیں ملا۔ یہاں کچھ خرابیاں نظر آتی ہیں۔

پبلک نیوز کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فارم 47 کا جائزہ لیا جا رہا ہے، فارم میں آر او افسر کا نام بھی درج نہیں ہے۔ 

ان کا مزید کہنا ہے کہ فارم 47 پر اسٹیمپ بھی موجود نہیں ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ جاری کردہ فارم 47 جعلی تو نہیں ہے۔ 

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسمین راشد کو بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ 

خیال رہے کہ کل جس ریٹرننگ آفیسر ( آر او) نے حلقہ این اے 130 میں الیکشن کا انعقاد کرایا تھا وہ آج اچانک طبیعت کی خرابی کے باعث چھٹی پر چلے گئے اور الیکشن کمیشن نے نیا آر او تعینات کر دیا۔ 

مصنف کے بارے میں