لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جان کو درپیش خطرے کے پیش نظر ضمنی انتخابات کے جلسوں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان ضمنی انتخابات کے سیاسی جلسوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے اور پارٹی کی سینئر قیادت نے عمران خان سے ملاقات میں یہ حکمت عملی تیار کی ہے۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک دن میں کروانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک دن میں کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہ کیا گیا تو ناصرف انتخابات پر اخراجات تقریباً دگنے ہو جائیں گے بلکہ ایسی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے فول پروف سکیورٹی بھی فراہم نہیں کر سکیں گے، انتخابات میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تقریباً 42 ارب روپے درکار ہوں گے۔