اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کے دسمبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں 10 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا کا کہنا ہے کہ 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، لائف لائن و زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر اس کمی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) نے نیپرا سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔
اتھارٹی نے 31 جنوری 2023 کو فیول ایڈجسٹمنٹ پر عوامی سماعت کی تھی جبکہ اس سے قبل نومبر کا فیول ایڈجسٹمنٹ صارفین سے 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا جو صرف 1 ماہ کیلئے تھا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ دسمبر کا فیول ایڈجسٹمنٹ نومبر کی نسبت 3 روپے 37 پیسے فی یونٹ مزید کم چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف 1 ماہ کیلئے ہوگا۔