لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کہتے ہیں کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے ”قرض بھی۔۔۔ فرض بھی“ مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ ترک عوام نے پاکستان میں کسی بھی آفت پر دل کھول کر مدد کی اور اب جبکہ انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم بھی ان کی داد رسی میں کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک اور بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کیلئے عطیات جمع کر رہی ہے اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکیج، گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈاکٹرز کی ٹیم ضروری سامان اور ادویات کے ہمراہ ترکیہ پہنچ رہی ہے اور جلد متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشنز کا آغاز کر دے گی۔
دوسری جانب الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور زلزلہ متاثرین کی داد رسی اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے اپنی ٹیم کے ہمراہ ترکیہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک رفاعی ادارے حیرات فاؤنڈیشن اور آئی ایچ ایچ کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور زلزلہ زدہ علاقوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات اور بزنس کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر زلزلہ زدہ علاقوں میں قیمتی جانیں بچانے میں مدد کریں۔