لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صدر عارف علوی کے آئینی اختیار ات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا، 90 روز میں انتخابات نہ ہوئے تو آئین شکنی ہو گی۔