اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونےوالے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور پاکستانی ناظم الامورکی افغانستان واپسی کے حوالے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان افغانستان اورایران کے ساتھ سیکیورٹی سمیت اہم امورپربات چیت کررہا ہے،، ساری تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں ۔ آرمی چیف کےدورہ امریکا کے حوالے سے پتا نہیں۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاززہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ واربریفنگ کےدوران کہا کہ ترکیہ اورشام میں ہمارے سفارتخانے تمام متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں اورمتحرک کردارادا کررہے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کی بھرپورمدد کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کے حوالے سےتجویززیرغورہے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ ترکیہ میں زلزلے کے بعد 23 پاکستانیوں کوملبہ زندہ نکالا گیا۔ 16 پاکستانیوں کواستنبول منتقل کیاجارہا ہے جبکہ 16 کوپاکستان لایا جا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی وسفارتی مدد جاری رکھے گا۔ بھارت میں ہونےوالے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیرخارجہ کی شرکت بارے فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔
ممتاززہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان اورایران کے ساتھ سیکیورٹی سمیت اہم امورپربات چیت کررہا ہے۔ تمام تفصیلات نہیں بتائی جاسکتی۔ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پرحملے میں زخمی ہونے ناظم الامورعبید اللہ نظامانی کی واپسی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل 15 سے 16 فروری تک دورہ پاکستان میں اعلی سطح کی میٹنگز اور ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا کا علم نہیں، آئی ایس پی آر بہتر بتا سکتا ہے۔