لاہور : پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے گورنر کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کرنے کی اپیل مسترد کردی ہے۔
جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی ۔ پی ٹی آئی کی طرف بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو گورنر نے تحلیل نہیں کیا۔ اب معاملہ الیکشن کمیشن کی کورٹ میں ہے ۔ پشاور ہائیکورٹ میں بھی معاملہ زیر التوا ہے ۔ ہم نے ایسا حکم نہیں کرنا جس پر عملدرآمد نہ ہوسکے۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر گورنر تاریخ نہیں دیتا تو پھر صدر کے پاس تاریخ دینے کا اختیار ہے اس پر جسٹس جواد حسن نے کہا کہ لیکن آپ نے یہاں صدر کو تو فریق نہیں بنایا۔ ہم نے یہاں دیکھنا ہے کہ تاریخ کون دے سکتا ہے۔ ابھی الیکشن کمیشن نے الیکشن کروانے سے انکار نہیں کیا۔
جسٹس جواد حسن نے الیکشن کمیشن اور گورنر کی جانب سے سماعت 13 فروری تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی اور الیکشن کمیشن اور گورنر کو کل جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔ کیس کی سماعت بھی کل تک ملتوی کردی گئی۔