لاہور: پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کے چھاپے ، پنجاب میں تین مقامات پر بھاری مقدار میں ذخیرہ شدہ پٹرول اور ڈیزل برآمد ، ملوث ڈپو سیل کر دیئے گئے ۔
قصور میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے 33 کروڑ مالیت کا 13 لاکھ لیٹر پٹرول اور ڈیزل برآمد کرلیا ۔ ذخیرہ اندوزی میں ملوث دو ڈپو سیل جبکہ درجن سے زائد آئل ٹینکر بھی قبضے میں لے لیے گئے ۔
کوٹ ادو میں بھی ذخیرہ اندوزی پر آئل مافیا کے خلاف بڑی کارروائی ۔ 9 لاکھ لیٹر ڈیزل اور 7 لاکھ لیٹر پٹرول قبضے میں لے لیا گیا ۔ شیخوپورہ میں بھی پولیس نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کیا اور 30 کروڑ روپے سے زائد کا پٹرول برآمد کیا ۔ ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ۔
واضح رہے کہ پٹرول مافیا کے خلاف کارروائیاں گزشتہ روز متعدد فلنگ سٹیشنز کی طرف سے پٹرول کی فروخت بند کیے جانے پر شروع کی گئیں ۔