لاہور: سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’’خبر ہے‘‘ میں بات کرتے ہوئے سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ سابق آرمی چیف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے پیپر ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔
عارف حمید بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اور اب پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان فاصلوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن کے اندر انتخابات نہ ہوئے تو ذمہ داران کے خلاف نہ صرف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو گئی بلکہ پہلی دفعہ سزا بھی ہو گی ۔
یاد رہے کہ چند دن قبل مریم نواز نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل باجوہ جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے کہا مانتا ہوں عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے۔ بلنڈر کا اعتراف کافی نہیں، ملک کے ماتھے پر لگا داغ دھونا پڑے گا ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ٹینکوں کے آگے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے آج بلک ، بلک کر رو رہے ہیں ۔ پہلی بار یہ لوگ بے فیض ہوئے ہیں تو سمجھ نہیں آرہی کرنا کیا ہے ۔ یہ لوگ فیض کی بیساکھیوں کے سہارے حکومت کرتے رہے ہیں ۔