انقرہ: ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی، ترکیہ میں 12 ہزار 391 اور شام میں 2 ہزار 992 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے اب بھی متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، انہیں نکالنے کیلئے دن رات ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں، ترکیہ میں عمارتوں کے ملبوں سے 8 ہزار سے زائد افراد کو نکالا جا چکاہے۔
ترک وزیر صحت کے مطابق زلزلے سے 32 ہزار کے قریب افراد زخمی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں 5 ہزار 775 عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، زلزلے میں مرنے والوں میں57 فلسطینی بھی شامل ہیں۔ شام میں زخمیوں کی تعداد 8 ہزار سے زائد بتائی جارہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں 40 ہزار اموات اور 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے جن میں 14 لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔