سیاسی ماحول گرم، جہانگیر ترین اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان رابطے

08:33 PM, 9 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیاستدانوں کے درمیان رابطوں میں تیزی آ گئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے خصوصی نمائندوں کا رابطہ ہوا ہے لیکن آئندہ چند دنوں میں شہباز شریف کا جہانگیر ترین سے ناصرف رابطہ ہونے کا امکان ہے بلکہ ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی تھی جبکہ حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ق) کے رہنماءمونس الٰہی کو فون کیا تھا۔ شہباز شریف نے حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم سے کہا کہ حکومت سے نکلنے اور اپوزیشن کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا جبکہ (ق) لیگ سے ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کی بات کی۔ 
یاد رہے کہ اپوزیشن وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور یہ تمام رابطے اسی سلسلے کی کڑی ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات سے پہلے (ق) لیگ کی رائے لینے کیلئے ان سے ملاقات کیلئے بھی جا سکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں