اسلام آباد :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سیاسی طور پر نابالغ ہیں، عوام بھی ان پر ہنس رہے ہیں کہ وہ خود سندھ حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں اور تحریک انصاف کو اسمبلی توڑنے کا کہہ رہے ہیں،بلاول لانگ مار چ سے قبل سندھ اسمبلی توڑیں ،استعفے دیں اور پھر لانگ مارچ کیلئے نکلیں ۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان احمقانہ ہے ، بلاول کو اپوزیشن اور حکومت دونوں کے مزے لینے کی عادت ہے، اگر ان میں ہمت ہے تو پہلے سندھ اسمبلی توڑیں، پھر لانگ مارچ کیلئے نکلیں۔
بلاول بھٹو کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی تک سیاسی بچے ہیں، وہ افواہ سازی اور غیرسنجیدہ باتیں کرتے رہتے ہیں، وکٹیں تحریک انصاف کی نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کی گرنا شروع ہو گئی ہیں، چند دن پہلے جب سینیٹ میں اسٹیٹ بینک بل پاس کروانے کیلئے پیش کیا گیا تو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے نہ آ کر بل پاس کروانے میں حکومت کی مدد کی۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ میرا بلاول کو پیغام ہے کہ بسم اللہ کریں، سندھ اسمبلی توڑیں، استعفے دیں اور پھر لانگ مارچ کیلئے نکلیں، یہ خود تو اپوزیشن اور حکومت دونوں کے مزے لے رہے ہیں اور ہمیں اسمبلی توڑنے کا کہہ رہے ہیں۔