راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، دہشت گردوں کی واپسی کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات ختم کر دیں گے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ کیساتھ دینے کیساتھ ساتھ بلوچستان میں حالیہ واقعات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاءکو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ شرکاءنے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے ملک کے دفاع کیلئے لازوال قربانیاں دینے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا اور مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن بحالی کیلئے کی گئی کوششوں کو دشمن کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے اور دہشت گردوں کی واپسی کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا بلکہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔