کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی جماعت کو مبارکباد پیش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے دوہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واوڈا کو نااہل قرار دئیے جانے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گِر گئی، مبارک ہو ٹیم پیپلز پارٹی‘
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی میں دوہری شہریت چھپانے کے الزام سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تا حیات نا اہل قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو بڑا فیصلہ سنا دیا
— Neo News (@NeoNewsUR) February 9, 2022
فیصل واوڈا بھی نا اہل!#NeoNewsHD #NeoVideos #NeoBreakings #FaisalVawda pic.twitter.com/IlnqYzZZb8
الیکشن کمیشن کے مطابق فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط حلف نامہ جمع کرایا۔ تاہم امریکی شہریت چھپانے پر فیصل واوڈا کی بطور سینیٹ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاتا ہے۔الیکشن کمیشن نے بطور رکن قومی اسمبلی، سینیٹر اور وفاقی وزیر مراعات اور تنخواہ واپس کرنے کا حکم دے دیا۔فیصل واوڈا فیصلے کو سپریم کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فیصل واوڈا کے خلاف کیس 21 جنوری 2020 کو دائر کیا گیا،الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کیس کی 23 سماعتیں کیں۔ پہلی سماعت 3 فروری 2020 کو ہوئی ،قادر مندوخیل ، میاں فیصل اور میاں آصف محمود نے درخواستیں دی تھیں۔
نااہلی کیس کا فیصلہ 23 دسمبر 2021 کو محفوظ کیا گیا تھا ۔اب الیکشن کمیشن نے دوسال کی سماعت کے بعد فیصل واؤڈا نااہلی کیس کا فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیرسماعت رہا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 2 مہینوں میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے مارچ 2021 میں بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دیا تھا ،فیصل واوڈا نےالیکشن کمیشن کو نااہلی کیس کا فیصلہ کرنے سے روکنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔