لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے، نہیں معلوم عمران اور بزدار میں سے پہلے کون جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما سعد رفیق نے کہا کہ دھاوا بولنا ہے یا نہیں، فیصلہ چند روز میں ہوگا، دھاوا پہلے کہاں بولنا ہے سب سامنے آجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جو فیصلہ ہو گا ن لیگ اس کے ساتھ ہو گی۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ عمران خان زیادہ وقت لے چکےہیں، ن لیگ پہلی بار عدم اعتماد بارے سنجیدگی سے سوچ رہی ہے، عدم اعتماد بارے سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، عدم اعتماد کے طریقے کار پر بحث ہونا باقی ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عمرن خان کے خلاف عوام کب کا عدم اعتماد کر چکی ہے، لوگ موجودہ حکومت سے بہت تنگ ہیں۔ انہوں نے مہنگائی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ایک ہوتی ہے بیڈ گورننس مگر موجودہ حکومت کی نو گورننس ہے، ملک میں گورننس نام کی کوئی چیزنہیں ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک ایٹمی قوت والا ملک اس طرح سے نہیں چلایا جاسکتا۔ْ