پی ایس ایل 7، کل سے لاہور میں میدان سجے گا

09:52 AM, 9 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کا کل سے لاہور میں میدان سجے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام ٹیمیں لاہور  میں موجود ہیں، لاہور کے مختلف مقامات پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں،  شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔ میگا ایونٹ کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور کی مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا جس سے شہریوں کو پریشانی کا بھی سامنا رہا۔


دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز  کا ٹاکرا پشاور زلمی سے ہوگا۔

کراچی میں ہونے والے پہلے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس کی دوڑ میں ملتان سلطانز سب سےآگے ہے جبکہ اسلام آبادیونائیٹڈ  کادوسرااورلاہورقلندرز تیسرےنمبر پر براجمان ہے۔

ملتان سلطانزنےپانچ میچز کھیلے اور پانچوں جیت کر دس پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے پانچ  میچز  میں سے  تین جیت کر چھ  پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے، لاہور قلندرز کا پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر ہے جس نے  پانچ میں سے تین میچز میں کامیابی حاصل کی۔ 


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےپانچ میچز کھیلے دو  جیتے اور  چار پوائنٹس کیساتھ  چوتھی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے ، پشاور  زلمی نےپانچ میچز کھیل کر دو  جیتے اور چار پوائنٹس کیساتھ  پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے، تاہم بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز کیلئے پی ایس ایل کا ساتواں سیزن اب تک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے جس نے اپنے تمام 5 میچز میں شکست کا سامنا کیا اور صفر پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر آخر میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ  لاہور میں ہونے والے  میچز  میں 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔

این سی او سی نے پی ایس ایل میچز کے حوالےسے   پنجاب انتظامیہ، پی سی بی اور وزرات صحت کو مراسلہ بھی بھیج دیا ۔

مراسلہ کے مطابق  لاہور میں 10 سے 15 فروری تک  ہونےوالے پی ایس ایل میچز   میں 50 فیصد تماشائیوں کو  اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ  16 سے 27 فروری تک ہونے والے میچزمیں تماشائیوں کی تعداد 100 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔تاہم اسٹیڈیم میں داخل ہونے کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ  12 سال سے کم عمر بچے بھی اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔

مزیدخبریں