اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا حکومت مخالف اپوزیشن تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بدعنوانی کے نظام کی حمایت کر رہی ہے۔
سینیٹ الیکشن میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کے معاملے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اپنے ردعمل میں وزیراعظم نے کہا اشرافیہ اقتدار کیلئے پیسہ خرج کرتی ہے اور اسی اقتدار کو لوٹی ہوئی دولت کو بیرون ملک میں چھپانے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ یہ لوگ اسی پیسے سے بیوروکریٹس اور پالیسی سازوں کو دولت بچانے کے لئے استعمال کرتے ہوئے اور اب اپوزیشن کا اتحاد اسی لیے بدعنوانی کے نظام کی حمایت کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں کہا کرپشن اور منی لانڈرنگ سیاسی اشرافیہ کی شرمناک داستان ہے اور اسی چیز نے قوم کو تباہی کئے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔
انہوں نے 2018 کے سینیٹ الیکشن میں ہونیوالی ہارس ٹریڈنگ کی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا شرمناک فعل نظر آ رہا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سابق حکمرانوں نے قوم کو اخلاقی طور پر تباہ کیا۔ قوم کو اسی حکمران طبقے نے قرضوں میں ڈبو دیا ہے لیکن ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ کو ہر صورت میں روکیں گے۔
خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ فروخت کرنے کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیرقانون خیبر پختونخوا سلطان محمد نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر استعفیٰ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کو ہدایات جاری کی تھیں۔