حیدر آباد: پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا آج نالائق وزیراعظم بھی حیدر آباد کے عوام سے ڈر رہا ہے اور نالائق وزیراعظم کہتے ہیں سندھ ہمارا صوبہ نہیں ہے اگر سندھ وزیراعظم کا صوبہ نہیں تو کس کا ہے۔ یہ سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کو سندھ کی عوام سے کوئی غرض نہیں ہے لیکن ان کو جزیرے ضرور چاہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 200 ارب روپے کم دیئے گئے جبکہ گزشتہ سال سندھ کو 116 ارب روپے کم دیئے گئے تاہم اب سندھ کی عوام ان کو مزید برداشت نہیں کریں گے جبکہ اپنے حقوق اور جمہوریت کی بھی حفاظت کریں گے۔
اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا نالائق حکومت اپنے ساتھ مہنگائی کا بھی طوفان لے کر آئی ہے اور غریب دشمن حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے خودکشی کر لوں گا لیکن اب نالائق وزیراعظم نے تین سالوں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا یہ وہی عمران خان ہیں جنہوں نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا۔ کیا حیدر آباد کے عوام کو ایک بھی نوکری ملی اور یہ وہی عمران خان ہیں جنہوں نے 50 لاکھ گھر بنانے تھے لیکن انکروچمنٹ کے نام پرغریبوں کے گھر چھینے گئے۔