راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پرعزم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر آگاہی بڑھنے کو انتہائی مثبت قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک، خطے اور بارڈرز کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں فاٹا میں سیکیورٹی کی بہتر ہوتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ ضم ہوئے اضلاع میں اصلاحات پر جلد عملدرآمد وقت کی ضرورت ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر بھی غور کرتے ہوئے کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے افغانستان میں امن اور اسحتکام کا ہونا لازم ہے۔
کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور بہتر ہوتی سیکیورٹی صورتحال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ قربانیاں پاکستان سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی ختم کرنے کے لیے دی گئیں۔