الیکشن کمیشن نے فیصل وائوڈا کو 50ہزار جرمانہ کر دیا

الیکشن کمیشن نے فیصل وائوڈا کو 50ہزار جرمانہ کر دیا


اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں بار بار التوا مانگنے پر فیصل وائوڈا کو اگلی پیشی پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے اور انہیں پیش نہ ہونے پر 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل وائوڈاکی دوہری شہریت کے حوالے سے نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔الیکشن کمیشن نے اگلی سماعت پر فیصل وائوڈا کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔کیس کے بار بار التوا کرنے پر فیصل وائوڈا کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا ہے۔فیصل وائوڈا کے وکیل لاہور میں اپنی عدالتی مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے۔ان کے معاون وکیل نے جب آکر الیکشن کمیشن کو یہ عذر بتایا تو الیکشن کمیشن نے اس پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی بار بار التوا مانگی جا رہی ہے۔ لاہور کا جو عدالتی کیس ہے وہ الیکشن کمیشن سے منسلک نہیں ہے۔وقت کو درست طریقے سے استعمال کرنا چاہیے تھا۔


چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ فیصل وائوڈا دہری شہریت کیس میں پہلے ہی بہت التوا ہو چکا ہے ۔ ان کے وکیل نے آج ہمارے سوالات کے جوابات دینے تھے ۔ الیکشن کمیشن نے فیصل وائوڈا سے پوچھا تھا کہ انہوں نے جو کاغذات نامزدگی جمع کرائے اس وقت دہری شہریت کے خانے Not Applicable کیوں لکھا تھا ۔فیصل وائوڈا کے وکیل نے یہ بھی بیان دیا تھا کہ ان کے موکل کے پاس دوہری شہریت ہے۔ہم نے سوال کیا تھا کہ فیصل وائوڈا نے دوہری شہریت کب چھوڑی مگر اس حوالے سے مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے جو الیکشن کمیشن کو قابل قبول نہیں ہے۔