پنڈی ٹیسٹ تیسرا روز،پاکستانی ٹیم 445 رنز بناکر آؤٹ،بنگلہ دیش پر 212کی سبقت حاصل

12:52 PM, 9 Feb, 2020


راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی بلے باز گزشتہ روز ٹاپ آرڈر کی شاندار کارکردگی سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 445 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم مجموعی سبقت ابھی بھی 212 رنز ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دن کا آغاز گرین شرٹس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز سے کیا تھا۔ اس طرح آخری سات بلے باز ایک آسان بولنگ لائن اپ کے سامنے اسکور میں محض 103 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔

قومی ٹیم کا دن کے آغاز بابر اعظم کی وکٹ کے ساتھ ہوا جو پہلی ہی گیند پر ابو جائید کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 143 رنز اسکور کیے جن میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔

اسد شفیق بھی گزشتہ روز کے اپنے اسکور میں کچھ ہی رنز کا اضافہ کرسکے اور 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں گزشتہ روز کے دونوں جمے ہوئے بلے باز ابتدائی چند اوورز میں بھی بنگلہ دیشی گیند بازوں کا شکار بنے۔

اسی طرح وکٹ کیپر محمد رضوان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر حارث سہیل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ اپنی 75 رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے سات چوکے اور دو چھکے لگائے تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں زیادہ مدد نہ مل سکی۔یاسر شاہ پانچ، شاہین آفریدی تین، نسیم شاہ دو جبکہ محمد عباس ایک ہی رن بناسکے۔

یوں پاکستان کی پوری ٹیم 445 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کی بیٹنگ جاری ہے جس نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے۔

مزیدخبریں