ٹرمپ امن کے نام پر مشرق وسطیٰ کے امن کو تاراج کرنا چاہتے ہیں،طیب اردوان

 ٹرمپ امن کے نام پر مشرق وسطیٰ کے امن کو تاراج کرنا چاہتے ہیں،طیب اردوان


کولالمپور:ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے  کہا ہے کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے نام پر مشرق وسطیٰ کے امن کو تاراج کرنا چاہتے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدرنے ملائیشیا منعقدہ القدس پارلیمنٹیرینز ایسوسی ایشن سے ویڈیو   کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی منصوبے سے خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا،اس خطرناک سازشی منصوبے کو آگے  بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا القدس کو اسرائیل کے حوالے کرکے خطرناک عالمی ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ ہم امریکا کے اس خطرناک منصوبے کو کسی صورت میں قبول نہیں کرسکتے، ہم مزید فلسطینی اراضی صہیونی ریاست میں شام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، امریکا اور اسرائیل مل کر فلسطین کو نیست ونابود کرنا چاہتے ہیں،القدس کو مکمل بلیک میلنگ کا سامنا ہے،ہم اسرائیلی ریاست کے دفاع کے لیے فلسطینی ریاست کے وجود کو ختم کرنے اور دو ریاستی حل کو ختم کرنے کی کسی سازش کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی ریاست کی موجودہ سرحدیں غیرآئینی ہیں۔ ایسے میں ترکی کے لیے خاموش تماشائی بنے رہنے کا  کوئی جواز نہیں۔انہوںنے کہا کہ ایک مسلمان ملک کی حیثیت سے ہماری پوری ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطینی قوم کے حقوق کا عالمی سطح پر مقدمہ لڑیں۔