لاہور: احتساب عدالت لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کا پانچ روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔ کامران مائیکل کو تفتیش کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما کامران مائیکل کو احتساب عدالت پہنچایا جہاں ملزم کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ریفرنس میں کامران مائیکل کا نام شامل ہے جس پر نیب پراسیکیویٹر کا کہنا تھا کہ اس ریفرنس میں مائیکل کا نام نہیں لیکن تفتیش کرنی ہے۔ اس لئے پکڑا ہے اور گرفتاری کا وارنٹ بھی عدالت میں پیش کر دیا۔ ملزم کامران مائیکل نے ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 پلاٹ غیر قانونی طور پر الاٹ کئے۔
کامران مائیکل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جس ریفرنس کی بات کر رہے ہیں اس میں مائیکل کا نام نہیں اور اس سوسائٹی کا تعلق پورٹس اینڈ شیپنگ سے نہیں۔ پہلے اس ریفرنس سے لنک پیش کریں اور ریفرنس منگوائیں جبکہ راہداری ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر نیب کا کیس نہیں بنتا تو وہاں جا کر بتائیں اوروارنٹ غلط ہے یا صحیح جاری ہو گیا تو ہم اسے راہداری ریمانڈ پر بجھوا دیتے ہیں۔ اب ملزم کو ایک ماہ بٹھا تو نہیں سکتے۔ وارنٹ چیلنج کرنا ہے تو وہاں جا کر کریں اور ملزم کو وہاں پیش کرنا ہے جہاں سے وارنٹ جاری ہوا۔
خیال رہے نیب نے گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ کامران مائیکل پر بحیثیت وزیر اپنے اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔