لاہور:وزیراعظم عمران خان کی سادگی پالیسی کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے 73سالہ سربراہ احسان مانی کو گھر کی تزئین و آرائش کے لئے 22لاکھ روپے کی خطیر رقم پی سی بی کے خزانے سے دی جائیگی۔
اس بات کا باقاعدہ اجازت نامہ لاہور میں گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران دیا گیا۔احسان مانی نے 4ستمبر 2018 کو باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج لیا تھا، احسان مانی 26 سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں، اس لئے ان کے پاس پاکستان میں کوئی گھر نہیں ہے۔
کراچی میں گزشتہ سال پریس کانفرنس میں احسان مانی نے صحافی کی جانب سے پی سی بی کی جانب سے گھر دینے کے سوال پر کہا تھا کہ وہ داتا دربار میں تو رہ نہیں سکتے، لہذا پی سی بی نے رہائش کے لئے ان کو لاہور کے ایک پوش علاقے میں دو لاکھ ماہانہ پر ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا ہے۔
اب احسان مانی کو پی سی بی کے خزانے سے اس فلیٹ کی تزئین و آرائش کے لئے 22لاکھ روپے دینے کی باقاعدہ منظوری پی سی بی گورننگ بورڈ کے 52ویں اجلاس میں دی گئی ہے۔