چیف فنانشل آفیسر اومنی گروپ اسلم مسعود کو پاکستان منتقل کر دیا گیا

چیف فنانشل آفیسر اومنی گروپ اسلم مسعود کو پاکستان منتقل کر دیا گیا
کیپشن: اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف ائی اے کو مطلوب اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود کو انٹر پول کی مدد سے تحویل میں لیے جانے کے بعد گزشتہ روز سعودی عرب سے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلم مسعود کو جمعہ کی شب سعودی عرب سے آنے والی پرواز نمبر ایس وی 722 کے ذریعے سخت سیکیورٹی میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیا گیا جہاں سے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکڑ ملک طارق کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم ان کو لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ اسلم مسعود کی گرفتاری اور پاکستان منتقلی کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان پر 107 جعلی بینک اکانٹس سے 54 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

اسلم مسعود کے دو مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے تھے تاہم انکشاف ہوا کہ اسلم مسعود جنوری 2018 میں بیرون ملک روپوش ہو چکا ہے جس کے بعد ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کر کے انٹرپول سے رجوع کیا اور اکتوبر میں انٹرپول نے اسلم مسعود کو اس وقت تحویل میں لے لیا تھا جب وہ لندن سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا تھا جس کے بعد پاکستانی اتھارٹیز نے مذکورہ کی وطن واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے اور ایف آئی اے کی ٹیم کو بھی ملزم کی حوالگی کیلئے بجھوایا گیا۔

خیال رہے کہ اسلم مسعود کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقصد کیلیے مختلف لوگوں کے شناختی کارڈ استعمال کر کے جعلی بینک اکاونٹس کھولنے اور دیگر الزامات کے تحت ایف ائی اے کراچی میں مقدمہ نمبر 4/2018 درج ہے اس مقدمے میں کچھ لوگ گرفتار تھے۔